المعہد العالی کی عمارت
المعہد العالی کی اپنی عالیشان تین منزلہ عمارت ہے نیچے کی منزل میں درسگاہ، دفتر، اساتذہ کے بیٹھنے کا کمرہ، کمپیوٹر لیب ، مہمان خانہ اورقاعۃ المحاضرات ( لیکچر ہال )ہے، جس میں مختلف موضوعات پر علماء وماہرین فن کے ذریعہ طلبہ کے درمیان محاضرات کا اہتمام کیا جاتا ہے، اس کے بعد والی منزل پر طلبہ کا دارالاقامہ ہے جس میں آٹھ کمرے ہیں، ان کے علاوہ ایک کمرہ نگراں دارالاقامہ کے لئے ہے، اسی منزل پر متصلا مطبخ بھی ہے جہاں سے طلبہ کا کھانا وناشتہ تیار کرکے ملازم ان کے کمروں تک پہنچا دیا کرتا ہے، کھانے کے بعد برتن وغیرہ لاکر صفائی کرنے اور اسے مطبخ میں حفاظت سے رکھنے کی ذمہ داری بھی ملازم ہی کی ہے ، اس کے اوپر دوسری منزل پر ایک بڑا کانفرنس ہال ہے، ہال میں باقاعدہ اسٹیج بناہوا ہے اور اسٹیج سے متصل ایک آرام دہ کمرہ بھی ہے، اس ہال میں بعض بڑے بڑے سیمینار وکانفرنس ہوچکے ہیں اور ہوتے رہتے ہیں چنانچہ فقہ اکیڈمی کا دوسرا سیمینار، رابطہ ادب اسلامی کا سیمینار اسی طرح سعودیہ وکویت وغیرہ سے آئے ہوئے مہمانوں کے اعزاز میں بڑے بڑے جلسہ ہوچکے ہیں، ہال سے متصل دو چھوٹے کمرے بھی ہیں، ہال کا ایک حصہ دومنزلہ ہے جسے بالکنی کہتے ہیں فی الحال کتب خانہ اسی بالکنی میں ہے،اسی سے متصل ایک کمرہ قسم البحث والتحقیق کے نام سے ہے جس میں بیٹھ کر اساتذہ فی الحال طلبہ کے سندی مقالات پر نظر ثانی کا کام کرتے ہیں۔
اس عمارت کا افتتاح مورخہ 19/ذی الحجہ 1419ھ مطابق 17/اپریل 1999ء کو شام کے مشہور فقیہ وعالم دین ڈاکٹر وھبہ مصطفی زحیلی رئیس قسم الفقہ الاسلامی ومذاھبہ جامعہ دمشق کے ہاتھوں عمل میں آیا،اس موقع پر پاکستان کے مشہور عالم دین وفقیہ اوروہاں کے محکمہ شرعیہ علیا کے سابق چیف قاضی حضرت مولانا محمد تقی عثمانی، دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم اور اپنے وقت کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا محمد سالم قاسمی، امیر شریعت حضرت مولانا سید نظام الدین، حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ اور ان کے علاوہ ملک وبیرون ملک کے ممتاز علماء موجود تھے،جب کہ اس عمارت کی سنگ بنیاد کے موقع پر وزارۃ الاوقاف کویت کا ایک موقر وفد موجود تھا جس میں وزارۃ الاوقاف کے وکیل جناب ڈاکٹر عادل عبداللہ الفلاح اور الامانۃ العامۃ للاوقاف کے سابق جنرل سیکریٹری سید عبدالمحسن محمد العثمان موجود تھےاور انہیں کے ہاتھوں 22/ذیقعدہ 1417ھ مطابق یکم اپریل 1997ء میں اس عمارت کی بنیاد رکھی گئی تھی۔